
اختر خان جدون ― ایک تعلیمی و خاندانی ورثے کے امین
اختر خان جدون ہیڈماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول نمبر تین ہری پور کا تعلق ضلع ہری پور کے تاریخی گاؤں شاہ مقصود کی نامور جدون فیملی سے ہے۔ آپ کے بزرگوں نے تحریکِ پاکستان اور بعد ازاں ملکی و سماجی خدمات میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اختر خان کے دادا یوسف خان کا شمار مسلم لیگ کے صفِ اوّل کے رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ اختر جدون کے بقول ان کے دادا کے خان عبدالقیوم خان اور جلال بابا جیسے نامور سیاسی رہنماؤں سے نہایت قریبی مراسم تھے۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ خان عبدالقیوم خان، جو اُس وقت سرحد کے وزیر اعلیٰ تھے، ان کے حجرے میں جلسے کے لیے آئے تھے اور جلال بابا بھی اکثر ان کے حجرے کی رونق بڑھاتے تھے۔ یوسف خان پاکستان موومنٹ کے دوران اُن چالیس سرحدی مسلم لیگی رہنماؤں میں شامل تھے جو اس جدوجہد کے سبب قید و بند کی صعوبتیں جھیلتے رہے۔ وہ اُس وقت مسلم لیگ کے صدر بھی رہے اور 1972 میں وفات پا گئے۔
اختر خان جدون مزید بتاتے ہیں کہ ان کے چھوٹے بھائیوں میں سے ایک، آصف خان، بھی سیاست میں سرگرم رہے اور 2015 سے 2019 تک وی سی شاہ مقصود کے ناظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ آج کل وہ برطانیہ کے شہر گلاسگو میں مقیم ہیں۔ اسی طرح اختر جدون کے والد محمد صفدر خان کا تعلق بھی شعبۂ تعلیم سے رہا، وہ طویل خدمات کے بعد 1996 میں پرنسپل کی پوسٹ سے ریٹائر ہوئے اور اکتوبر 2010 میں ان کا انتقال ہو گیا۔ یوں تعلیم سے وابستگی گویا اختر جدون کو خاندانی ورثے کے طور پرملی۔
پیدائش اور تعلیم
اختر خان جدون بیس دسمبر 1967 کو شاہ مقصود میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری سکول شاہ مقصود سے حاصل کی، میٹرک کا امتحان گورنمنٹ ہائی سکول سرائے صالح سے پاس کیا۔ مزید تعلیم کے لیے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد کا رخ کیا اور 1988 میں بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں پشاور یونیورسٹی سے ایم اے پولیٹیکل سائنس اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے 1999 میں ایم فل کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف پیشہ وارانہ کورسز بھی مکمل کیے۔
تدریسی و انتظامی کیریئر
اختر خان نے اپنے والد پرنسپل صفدر خان کی خواہش پر 1989 میں محکمہ تعلیم میں بطور ایس وی ٹیچر گورنمنٹ ہائی سکول خان پور سے عملی تدریسی سفر کا آغاز کیا۔ چند ہی ماہ بعد ان کی تقرری گورنمنٹ ہائی سکول بیرن گلی ایبٹ آباد میں بطور ایس ای ٹی سائنس ہو گئی۔ بطور استاد انہوں نے پھلکوٹ، سرائے صالح، کوٹلہ، سورج گلی، توفکیاں، نجف پور، نور پور سمیت کئی تعلیمی اداروں میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ ہری پور شہر کے مرکزی اداروں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر ایک اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر دو میں بھی اپنی تدریسی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
سن 2016 میں انہیں ترقی دے کر گورنمنٹ ہائی سکول راج وال کاغان میں ہیڈماسٹر تعینات کیا گیا۔ بعد ازاں چار نومبر 2016 سے چوبیس اگست 2019 تک آپ نے بطور سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر ہری پور اپنی انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اختر جدون کے مطابق اس دور میں انہوں نے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، دور دراز سکولوں میں تعینات اساتذہ کی گھروں کے قریب تعیناتی اور پرائمری سکولوں کے اساتذہ و ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔
بعد ازاں ان کا تبادلہ گورنمنٹ ہائی سکول گدوالیاں میں ہوا اور جون 2021 میں وہ گورنمنٹ ہائی سکول نمبر تین ہری پور آ گئے، جہاں وہ تاحال بطور ہیڈماسٹر اپنی علمی و
تعلیمی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
(انٹرویو نگار۔۔حافظ سرفرازخان ترین)