
عشرہ ذوالحجہ کے فضائل سے متعلق سوالات
سوال 1: عشرۂ ذوالحجہ کی فضیلت کیا ہے؟
جواب: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے عشرۂ ذوالحجہ سے بہتر کوئی دن نہیں۔ ان دنوں کا ایک دن کا روزہ ایک سال کے روزوں کے برابر اور ایک رات کی عبادت شبِ قدر کے برابر ہے۔ (ترمذی، ابن ماجہ)
سوال 2: سورۂ فجر کی پہلی دس راتوں سے کیا مراد ہے؟
جواب: جمہور علما کے مطابق سورۂ فجر میں جن دس راتوں کی قسم کھائی گئی ہے، وہ عشرۂ ذوالحجہ کی راتیں ہیں۔
سوال 3: نویں ذوالحجہ کا روزہ رکھنے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب: نویں ذوالحجہ (یوم عرفہ) کا روزہ پچھلے سال اور اگلے سال کے گناہوں کا کفارہ ہے۔
سوال 4: عید کی رات جاگنے کا کیا اجر ہے؟
جواب: عید کی رات کو عبادت میں گزارنا بڑی فضیلت اور ثواب کا باعث ہے۔
❖ تکبیرِ تشریق سے متعلق سوالات
سوال 5: تکبیرِ تشریق کیا ہے اور کب پڑھی جاتی ہے؟
جواب:
تکبیرِ تشریق یہ ہے:
اللّٰہُ أَکْبَر، اللّٰہُ أَکْبَر، لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ، وَاللّٰہُ أَکْبَر، اللّٰہُ أَکْبَر، وَلِلّٰہِ الْحَمْد
یہ نویں ذوالحجہ کی صبح سے تیرہویں کی عصر تک ہر فرض نماز کے بعد ایک مرتبہ بلند آواز سے کہنا واجب ہے۔
سوال 6: تکبیرِ تشریق مرد و عورت دونوں پر واجب ہے؟
جواب: جی ہاں، مرد و عورت دونوں پر واجب ہے، لیکن عورتیں آہستہ آواز سے پڑھیں۔
❖ نمازِ عید سے متعلق سوالات
سوال 7: نمازِ عید کی کتنی رکعتیں ہیں اور کیا فرق ہے؟
جواب: نمازِ عید دو رکعتیں ہیں۔ فرق یہ ہے کہ ہر رکعت میں تین تین زائد تکبیریں ہوتی ہیں۔
سوال 8: عید کی نماز میں تکبیریں کس ترتیب سے کہی جاتی ہیں؟
جواب:
پہلی رکعت میں ثناء کے بعد تین تکبیریں کہی جاتی ہیں، تیسری کے بعد ہاتھ باندھ لیے جاتے ہیں۔
دوسری رکعت میں قراءت کے بعد تین تکبیریں کہی جاتی ہیں اور چوتھی تکبیر کے ساتھ رکوع کیا جاتا ہے۔
سوال 9: اگر امام یا مقتدی سے تکبیر رہ جائے تو نماز کا کیا حکم ہے؟
جواب: ازدحام کی وجہ سے اگر تکبیر رہ جائے تو نماز درست ہے، سجدۂ سہو ضروری نہیں۔
سوال 10: اگر نمازِ عید کی ایک رکعت فوت ہو جائے تو کیسے پوری کی جائے؟
جواب: فوت شدہ رکعت کو پہلی رکعت کی ترتیب کے مطابق قضا کیا جائے، یعنی ثناء اور تین زائد تکبیریں ادا کی جائیں۔
سوال 11: نمازِ عید کے بعد خطبہ سننا کیسا ہے؟
جواب: سنت ہے اور خطبے سے پہلے اُٹھ جانا مناسب نہیں۔
❖ قربانی کے فضائل سے متعلق سوالات
سوال 12: قربانی کرنا واجب ہے یا سنت؟
جواب: قربانی واجب ہے، کیونکہ نبی ﷺ نے ہجرت کے بعد ہر سال قربانی کی اور کبھی ترک نہیں کی۔
سوال 13: قربانی نہ کرنے والوں کے لیے کیا وعید ہے؟
جواب: نبی ﷺ نے فرمایا: جو شخص قربانی نہ کرے، وہ ہماری عیدگاہ میں نہ آئے۔ (حدیث)
سوال 14: قربانی کرنے کا اصل مقصد کیا ہے؟
جواب: قربانی کی صورت جانور ذبح کرنا ہے، اور حقیقت اللہ کے لیے اخلاص و تقویٰ ہے۔
سوال 15: قربانی کے دن کون سے ہیں؟
جواب: قربانی کا وقت 10 ذوالحجہ سے 12 ذوالحجہ کی شام تک ہے۔
❖ قربانی سے متعلق فقہی مسائل (سوال وجواب کی صورت میں)
سوال 16: کس پر قربانی واجب ہے؟
جواب: جس پر صدقۂ فطر واجب ہے، اس پر قربانی بھی واجب ہے۔
سوال 17: کن چیزوں کی ملکیت پر قربانی واجب ہو جاتی ہے؟
جواب: اگر کسی کے پاس ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر مال ہو، جیسے اضافی مکان یا گاڑی، تو قربانی واجب ہے۔
سوال 18: مسافر پر قربانی واجب ہے؟
جواب: نہیں، مسافر پر قربانی واجب نہیں ہے۔
سوال 19: قربانی کا افضل وقت کون سا ہے؟
جواب: دسویں تاریخ کا دن افضل ہے، پھر گیارہویں اور پھر بارہویں۔
سوال 20: شہری عید کی نماز سے پہلے قربانی کر سکتے ہیں؟
جواب: نہیں، شہر والوں کے لیے نمازِ عید کے بعد قربانی کرنا ضروری ہے۔
سوال 21: دیہات کے لوگ فجر سے پہلے قربانی کر سکتے ہیں؟
جواب: جی ہاں، صبح صادق کے بعد قربانی کر سکتے ہیں، نمازِ عید سے پہلے بھی۔
سوال 22: اگر قربانی کا جانور گم ہو جائے اور دوسرا خرید لیں تو کیا حکم ہے؟
جواب:
امیر شخص صرف ایک جانور کی قربانی کرے گا۔
غریب نے دوسرا خرید لیا تو دونوں کی قربانی لازم ہوگی۔
سوال 23: قربانی کا جانور خود ذبح کرنا افضل ہے؟
جواب: جی ہاں، خود ذبح کرنا افضل ہے، لیکن دوسرا بھی ذبح کر سکتا ہے۔
سوال 24: ذبح کرتے وقت نیت زبان سے کرنا ضروری ہے؟
جواب: زبان سے نہ بھی کرے، دل میں نیت کافی ہے۔
سوال 25: ذبح کرتے وقت کون سی دعا پڑھی جائے؟
جواب:
پہلے:
“بسم اللّٰہ، اللّٰہ أکبر”
بعد میں:
“اللّٰھم تقبل منی کما تقبلت من حبیبک محمد و خلیلک ابراہیم علیھما السلام”
سوال 26: کیا اولاد کی طرف سے قربانی کرنا واجب ہے؟
جواب: نہیں، قربانی صرف اپنی طرف سے واجب ہے۔
سوال 27: کن جانوروں کی قربانی کی جا سکتی ہے؟
جواب: اونٹ، گائے، بیل، بھینس، بکرا، بکری، بھیڑ اور دنبہ۔
سوال 28: گائے یا اونٹ میں کتنے لوگ شریک ہو سکتے ہیں؟
جواب: سات افراد شریک ہو سکتے ہیں، بشرطیکہ ہر ایک کا حصہ برابر ہو اور نیت قربانی یا عقیقہ کی ہو۔
سوال 29: قربانی کے جانور کا گوشت کیسے تقسیم کیا جائے؟
جواب: اگر کئی شریک ہوں تو گوشت وزن کر کے تقسیم کریں۔
سوال 30: جانور کی عمر کیا ہونی چاہیے؟
جواب:
بکری، بھیڑ: ایک سال
گائے، بھینس: دو سال
اونٹ: پانچ سال
دنبہ یا بھیڑ اگر موٹا تازہ ہو کہ سال کا لگے، تو قربانی جائز ہے۔
سوال 31: کس قسم کے جانور کی قربانی جائز نہیں؟
جواب:
اندھا،
ایک آنکھ کا تہائی روشنی کھو بیٹھا ہو،
کان یا دم تہائی سے زائد کٹی ہو۔