
لاہور (اسٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے موسم گرما کے دوران سرکاری اسکولوں کے اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اپریل 2025 سے 15 اکتوبر 2025 تک اسکولوں کے نئے اوقات نافذ رہیں گے۔
طلبہ کے لیے اسکول اوقات
سنگل شفٹ اسکولوں میں پیر تا جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک جبکہ جمعہ کو صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک تدریسی عمل جاری رہے گا۔ ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی شفٹ پیر تا جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک اور جمعہ کو صبح 8 بجے سے 12 بجے تک ہوگی۔ دوسری شفٹ (ایوننگ) پیر تا جمعرات دوپہر 1 بجے سے شام 5:30 بجے تک جبکہ جمعہ کو دوپہر 2:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک جاری رہے گی۔
اساتذہ کے لیے اوقات کار:
سنگل شفٹ اسکولوں میں اساتذہ پیر تا جمعرات صبح 7:45 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک جبکہ جمعہ کو صبح 7:45 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ڈیوٹی انجام دیں گے۔ ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی شفٹ کے اساتذہ پیر تا جمعرات صبح 7:45 بجے سے دوپہر 2 بجے تک اور جمعہ کو 12:30 بجے تک اسکول میں موجود رہیں گے۔ شام کی شفٹ میں اساتذہ پیر تا جمعرات دوپہر 12:45 بجے سے شام 6 بجے تک اور جمعہ کو 2:30 بجے سے شام 6 بجے تک فرائض انجام دیں گے۔
نوٹیفکیشن میں ضلعی تعلیمی افسران کو سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی بھی کوتاہی پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں، ضلعی حکام کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ لڑکوں اور لڑکیوں کے اسکولوں کے اوقات میں 15 منٹ تک کا فرق رکھ سکتے ہیں۔
سیکریٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب خالد نذیر وٹو کے دستخط سے جاری ہونے والے اس نوٹیفکیشن پر فوری عملدرآمد ہوگا۔