
ہری پور (تعلیم نامہ نیوز)
ضلع ہری پور میں رواں سال کی داخلہ مہم 2025 بھرپور کامیابی سے جاری ہے، جہاں ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 9141 سے زائد طلبہ و طالبات کو سرکاری اسکولوں میں داخل کیا جا چکا ہے۔ اس مہم کا مقصد ڈراپ آئوٹ بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں لانا اور نجی اسکولوں کے بچوں کو سرکاری اداروں کی طرف راغب کرنا ہے۔
گرلز اسکولوں کی شاندار کارکردگی
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ہری پور شگفتہ جبین کی قیادت میں گرلز اسکولوں میں داخلہ مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نگینہ بی بی، ایس ڈی ای او غازی بی بی صنم، اے ایس ڈی ای او نورین بی بی، ایس ڈی ای او خان پور ناظمہ شاہین اور اے ایس ڈی او سمعیہ بی بی مہم کی کامیابی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
اب تک گرلز اسکولوں میں
230 ڈراپ آئوٹ طلبہ و طالبات نے دوبارہ اسکول واپسی کی
2190 پرائیویٹ اسکولوں سے سرکاری اداروں میں منتقلی ہوئی
2973 نئے داخلے کیے گئے
مجموعی طور پر 5393 بچیوں کا سرکاری اسکولوں میں اندراج ہو چکا ہے۔ خواتین تعلیمی دفتر کو 13000 سے زائد داخلوں کا ہدف دیا گیا ہے۔
ڈی ای او شگفتہ جبین نے کہا ہے کہ
“صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں سرکاری اسکولوں میں داخلوں کا ہدف مکمل کرنے کے لیے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں اور بہت جلد یہ ہدف مکمل کر لیا جائے گا۔”
بوائز اسکولوں میں بھی مثبت پیش رفت
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ تنویر احمد اعوان کی نگرانی میں بھی مہم مسلسل جاری ہے۔ بوائز اسکولوں میں اب تک
220 ڈراپ آئوٹ طلبہ دوبارہ شامل ہوئے
1353 طلبہ پرائیویٹ اسکولوں سے سرکاری اسکولوں میں داخل ہوئے
2175 نئے داخلے عمل میں آئے
کل ملا کر 3748 طلبہ سرکاری اداروں کا حصہ بن چکے ہیں۔ مردانہ دفتر کو 12000 نئے داخلوں کا ہدف تفویض کیا گیا ہے۔
تعلیمی میدان میں حکومتی اقدامات کی کامیابی
صوبائی حکومت کی ہدایت پر شروع کی گئی اس مہم کا مقصد تعلیم برائے سب کے وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ ڈراپ آئوٹ طلبہ کی واپسی، نجی سے سرکاری اسکولوں کی جانب منتقلی اور والدین کا اعتماد اس مہم کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ محکمہ تعلیم ہری پور کے مطابق داخلہ مہم جاری ہے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت نتائج کی توقع ہے۔
