
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا کی جانب سے تمام ضلعی تعلیمی افسران (مرد و خواتین) کو ایک اہم مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں سوشل میڈیا پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری فرائض کے علاوہ سوشل میڈیا کا غیر مجاز استعمال بڑھتا جا رہا ہے جو ادارے کی کارکردگی، ساکھ اور وقار کو متاثر کر سکتا ہے۔
مراسلے میں تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت عملے کو آگاہ کریں کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال جیسے کہ غیر ضروری براؤزنگ، غیر مجاز سرکاری معلومات کی اشاعت، سیاسی یا متنازعہ گفتگو، اور سرکاری ضابطہ اخلاق سے انحراف کرنے والی کسی بھی سرگرمی کو سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام افسران ان ہدایات کو فوری طور پر اپنے دائرہ کار میں شامل تمام ملازمین تک پہنچائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان پر سختی سے عمل ہو۔ مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ مراسلہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن)، ڈائریکٹوریٹ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا پشاور کی جانب سے جاری کیا گیا۔