
ایبٹ آباد (نمائندہ تعلیم نامہ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے جماعت نہم کے طلبہ کی انرولمنٹ کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو تاکید کی ہے کہ انرولمنٹ فارم کو نیلے سیاہی والے قلم سے واضح اور درست معلومات کے ساتھ مکمل کیا جائے، اور کسی قسم کی غلط معلومات کی صورت میں ذمہ داری متعلقہ تعلیمی ادارے پر عائد ہو گی۔ فارم کو اے فور سائز کے سفید کاغذ پر لینڈ اسکیپ طرز میں پرنٹ کیا جائے جبکہ طلبہ کی تصویر ایک انچ بائی ایک انچ سائز کی ہو، جس کا بیک گراؤنڈ نیلا اور لائٹ ہو۔
واضح کیا گیا ہے کہ انرولمنٹ کے لیے جمع کرائے جانے والے فارم کے ساتھ طالب علم کی ویری فائیڈ ڈی ایم سی (DMC) کا لف کرنا لازمی ہے۔ اگر کسی طالب علم کے پاس DMC دستیاب نہ ہو تو اسے فوری طور پر مقررہ فیس ایک ہزار روپے جمع کروا کر DMC حاصل کرنی ہوگی۔ بصورت دیگر ایسے طلبہ کے انرولمنٹ فارم کسی صورت منظور نہیں کیے جائیں گے۔ انرولمنٹ فارم کے ساتھ سکول کے لیٹر ہیڈ پر تمام طلبہ کی فہرست بمعہ ویری فائیڈ ڈی ایم سیز بورڈ کو ارسال کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
بورڈ کے مطابق صرف وہی طلبہ انرولمنٹ کے اہل ہوں گے جن کی تاریخ پیدائش 15 مارچ 2011 سے پہلے کی ہو، اس کے بعد پیدا ہونے والے طلبہ کی انرولمنٹ بورڈ قبول نہیں کرے گا۔ مزید یہ کہ وہ تمام تعلیمی ادارے جو سرکاری ہیں، ان کے طلبہ کی انرولمنٹ کی منظوری کے لیے کوئی فیس مقرر نہیں جبکہ نجی اداروں کے لیے مقررہ فیس لازمی قرار دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ انرولمنٹ سے پہلے تمام معلومات اور ریکارڈ کو اچھی طرح جانچ پرکھ لیا جائے، کیونکہ فیس جمع ہونے یا ڈیٹا غلط ہونے کی صورت میں بورڈ کسی قسم کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گا۔ ادارے اپنی ذمہ داری پر تمام فارم درست طریقے سے پُر کرکے مقررہ وقت پر جمع کروائیں تاکہ کسی تاخیر یا اعتراض سے بچا جا سکے۔
آن لائن انرولمنٹ یا مزید معلومات کے لیے درج ذیل فون نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: 0992-392727، 0992-390153، 0314-5000363۔