
اسلام آباد: ملک کے مختلف تعلیمی بورڈز نے رواں سال ۲۰۲۵ کے انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کے سالانہ امتحانات کو مختلف وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا ہے، جس سے لاکھوں طلبہ متاثر ہو رہے ہیں۔
بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹر کے امتحانات جو ۲۲ اپریل سے شروع ہونے تھے، تین ہفتوں کے لیے ملتوی کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اساتذہ کی جانب سے امتحانات کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد کیا گیا۔ طلبہ نے اس اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاخیر کا براہ راست اثر آئندہ سال میڈیکل کالجوں میں داخلوں پر پڑے گا۔
ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں امن و امان کی صورتحال کے باعث میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ بنوں بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، نئے امتحانی شیڈول کا اعلان متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ صوبے بھر میں نو لاکھ بیس ہزار سے زائد طلبہ میٹرک کے امتحانات میں شریک ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں بھی انٹرمیڈیٹ کے امتحانات تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی نے اعلان کیا ہے کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپ کے امتحانات جو ۲۸ اپریل سے شروع ہونے تھے، اب ۶ مئی یا اس کے بعد سے ہوں گے۔ اس تاخیر کی وجوہات میں امتحانی مراکز کی عدم دستیابی، پہلی سال کے نتائج میں تبدیلی (گریس مارکس کی وجہ سے)، اور بورڈ کے چیئرمین کی غیر موجودگی شامل ہیں۔
محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی نے پہلے ہی رمضان المبارک کے دوران امتحانات کے انعقاد پر نجی اسکولوں کے تحفظات کے پیشِ نظر امتحانات کو عید کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب ایک بار پھر امتحانات تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں جس سے نہ صرف طلبہ کو شدید گرمی میں امتحانات دینا ہوں گے بلکہ نتائج میں تاخیر کے باعث یونیورسٹی داخلوں اور نئے تعلیمی سال کے آغاز پر بھی اثر پڑے گا۔
تعلیمی ماہرین اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری اقدامات کرے تاکہ امتحانات بروقت اور منظم انداز میں منعقد ہو سکیں، اور طلبہ کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو۔
intermediate exam 2025
تاہم ایبٹ آباد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ پارٹ اول و دوم کے سالانہ امتحانات ۲۰۲۵ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق امتحانات کا آغاز بدھ ۷ مئی ۲۰۲۵ سے ہوگا اور یہ منگل ۲۷ مئی ۲۰۲۵ تک جاری رہیں گے۔ امتحانات دو اوقات میں لیے جائیں گے جن میں صبح کا وقت ۹ بجے سے ۱۲ بجے تک اور شام کا وقت ۲ بجے سے ۵ بجے تک مقرر کیا گیا ہے اسی طرح ؔخیبرپختونخواکے دیگرتعلیمی بورڈؔزکے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی 7مئی 2025سے ہی شروع ہورہے ہیں۔