پشاور (نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن نے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی بی پی ایس-11) کی 165 آسامیوں پر بھرتی کے لیے اشتہار نمبر 04/2025 جاری کر دیا ہے، جن میں 119 تازہ اور 46 سابقہ خالی آسامیاں شامل ہیں۔ درخواستیں صرف آن لائن طریقے سے ویب سائٹ www.kppsc.gov.pk پر 8 جولائی 2025 شام 5 بجے تک جمع کی جا سکتی ہیں۔ امیدواروں کی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہونی چاہیے اور کم از کم تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی ہونی چاہیے۔ مرد امیدواروں کے لیے قد 5 فٹ 7 انچ اور سینہ 33×34.5 انچ جبکہ خواتین کے لیے قد 5 فٹ 1 انچ مقرر ہے۔ بھرتی کے عمل میں پہلے جسمانی برداشت کا ٹیسٹ (1600 میٹر مردوں کے لیے، 1000 میٹر خواتین کے لیے 8 منٹ میں) ہوگا، جس کے بعد اردو، انگریزی، جنرل نالج، کمپیوٹر لٹریسی، اور انٹرویو پر مشتمل 300 نمبروں کا امتحان لیا جائے گا۔ نفسیاتی ٹیسٹ بھی امیدوار کی موزونیت کا تعین کرے گا۔ تمام درخواست گزاروں کو 500 روپے فیس 1-Bill کے ذریعے جمع کرانی ہوگی۔ کامیاب امیدواروں کی تعیناتی میڈیکل اور سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگی۔ مزید تفصیلات KPPSC کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔