
آخرکاررنگیلا واٹر چینل ہری پور کی وجہ تسمیہ پتہ چل ہی گئی تحریروتحقیق۔حافظ سرفراز ترین
ہری پور شہر اورگردونواح کے دیہات کے لوگ نہ صر ف رنگیلا واٹر چینل سے متعارف ہیں بلکہ اکثر لوگ گرمیوں میں اس کے اندرنہائے بھی ہوں گے تاہم جو لوگ ابھی تک اس کا وزٹ نہیں کرسکے ہیں ان کی آسانی کے لیے بتادیتاہوں
ہریپورجناح جامع سکول اینڈ کالج کے سامنے سے ایک راستہ مشرق کی طر ف جاتاہے جس کو رنگیلاروڈ بولتے ہیں جس پر سفر کرتے ہوئے ایک ڈیڑھ کلومیٹر کے بعد رنگیلاواٹرچینل آجاتاہے دوسراراستہ جی ٹی روڈ شاہ محمد کے مقام سے مونن گاؤں کے روڈ کے باالکل سامنے سے ایک راستہ رنگیلاواٹر چینل کی طرف آتاہے
رنگیلا روڈ سے نکلنے والے پانی کی مقدار
ندی دوڑ کے پانی پر قائم رنگیلاحوض سے مجموعی طورپر 300انچ پانی نکلتاہے
رنگیلاحوض سے کتنے نالے نکلتے ہیں
اس حوض میں سے 9نالے نکلتے ہیں جن سے اکیس دیہات کی زمینیں سیراب ہوتی ہیں مختلف دیہات کے رقبہ جات کے تناسب سے ان نالوں کے دہانوں کاسائز رکھا گیا ہے سب سے پہلا دہانہ کھیوہ کا ہے جس کاسائز 24انچ ہے اس کے بعددوسرادہانہ ڈھیری اورقاضیاں کا ہے جس کاسائز 27انچ ہے اس کے بعد تیسرادہانہ کھلابٹ کا ہے جس کاسائز24انچ ہے اس کے بعد چوتھا دہانہ سکندرپور اور ملکیار کا ہے جس کاسائز 44انچ ہے اس کے بعد پانچواں دہانہ چھوہر، ڈھینڈہ،ملکیار اور کالس کا ہے جس کاسائز 35انچ ہے اس کے بعدچھٹادہانہ جاگل، میلم،چھیلو او ر داخلی کالس کاہے جس کاسائز 45انچ ہے اس کے بعد ساتواں دہانہ ہری پور شہر کا ہے جس کا سائز 21انچ ہے اس کے بعدآٹھواں دہانہ درویش پانڈک اورڈوئیاں آبی کا ہے جس کاسائز 46انچ ہے نواں اورآخری دہانہ تلوکر کا ہے جس کاسائز 14انچ ہے۔
رنگیلاحوض کی وجہ تسمیہ
رنگیلاحوض کی وجہ تسمیہ جاننے کے لیے میں نے متعدد افراد سے استفسار کیا سوشل میڈیاپر پوسٹیں لگائیں لیکن جواب ندارد،اکثر لوگوں کایہی جواب تھا کہ آپ خود ہی تحقیق کرواور ہمیں بھی بتلاؤ۔خیر!میں نے جستجوجاری رکھی۔آخرکار تاریخ ہزارہ مولفہ ڈاکٹر شیر بہادرخان پنی مرحوم سے اس سوال کاجوا ب مل گیا۔
ڈاکٹر شیر بہادرخان کے مطابق دریائے دوڑسرائے صالح کے نیچے سے نہریں نکالی گئی ہیں جن کا بانی مبانی ایک رنگیلانامی کھتری ساکن موضع درویش (نزدہری پورشہر)اور ان نہروں کانام آج تک رنگیلامشہورہے۔