ممتاز آرٹسٹ اور خطاط سید ضمیر الحسن شاہ سے سرفرازترین کی ملاقا ت

syed zameer shah renowned calligrapher and drawing master at GHS Shadi Haripur
syed zameer shah renowned calligrapher and drawing master at GHS Shadi Haripur

خطاطی مصوری اور فریمنگ کے حوالے سے سید ضمیر الحسن شاہ کانام تو سننے میں آتا رہا لیکن کبھی ان سے باقاعدہ ملاقات نہیں ہوئی حالانکہ ان کا تعلق ہری پور شہر اور پھر محکمہ تعلیم سے ہے انھوں نے جب ملکی سطح پرلاہور آرٹس کونسل، محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کے زیر اہتمام 14 اکتوبر 2021 کو الحمرا کی خطاطی نمائش بعنوان ”اسم محمدﷺمیں شرکت اور 25000/- کا پہلا انعام اور گولڈ میڈل حاصل کیا تو دل میں خواہش پیداہوئی کہ ان سے باقاعدہ ملاقات کی جائے کیونکہ کسی بھی شعبے میں اپنی ہنر مندی کی بدولت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کسی بھی علاقے کے لیے باعث فخر ہوتے ہیں۔ خوش قسمتی سے چار نومبر2021کو جب میں کرپشن کے حوالے سے ضلعی سطح پر ہونے والے ایک مقابلے کے انتظامات کے لیے میں گورنمنٹ ہائی سکول تربیلہ ٹاؤن شپ میں موجودتھا کہ سید ضمیر الحسن شاہ بھی اپنے سکول کے بچے کو منظرکشی کے مقابلے کے لیے لیکر آگئے۔دھان پان جسم کے مالک عجز وانکسار ی کے پیکر سید ضمیر الحسن شاہ سے مل کر بہت اچھا لگا ان کی شاندار کامیابی پر مبارک دی۔میری خواہش ہوتی ہے کہ ایسے افراد کا مکمل تعارف اور کامیابیوں کو اپنے قارئین کے ساتھ شیئر کروں تاکہ نہ صرف ان کی معلومات میں اضافہ ہوا بلکہ وہ ان جیسی شخصیات سے متاثر ہوکر آگے بڑھ کر کامیابیوں کی تاریخ رقم کریں اس لیے سکول ہی کی مسجد میں جہاں منظر کشی کا مقابلہ ہورہاتھا بیٹھ کر ان سے مختصر ملاقات کی جس میں ان کی زندگی کے حالات واقعات کے بارے آگاہی حاصل کی۔

سید ضمیر الحسن شاہ کا تعلق ہری پور شہر کے محلہ سوہا سے ہے۔آپ یکم جنوری 1979کو سید محمود علی شا ہ کے ہاں پیداہوئے۔گورنمنٹ ہائی سکول سیکٹرنمبر4کھلابٹ ٹاؤن شپ سے میٹر ک جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج ہری پور سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔اس کے بعد کھلابٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر سے 2 سالہ ڈپلومہ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (مشینسٹ، لیتھ مشین آپریٹر) بینچ فٹر فر سٹ پوزیشن کے ساتھ پاس کیا۔اس کے بعد ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ کسی فیکٹری یا ورکشاپ پر جاکر مشینسٹ کا کام کرتے لیکن 1998ء میں ایلیمنٹری کالج ہری پور میں ایک سالہ ڈپلومہ آف ڈرائنگ (آرٹ) ٹیچر میں داخلہ لے لیا۔وہاں انھیں محمد ریاض صاحب کی شاگردی کا شرف حاصل ہواجو مصوری کے ماہر تھے ان سے متاثر ہوکر ضمیر الحسن شاہ نے بھی منظر کشی اور مصوری کے میدان میں طبع آزمائی شروع کی۔ڈپلومہ آف آرٹ آپ نے فرسٹ پوزیشن کے ساتھ پاس کیا۔کورس کے فراغت کے بعد موچی بازار ہری پور میں دکان ڈال کر بیٹھ گئے۔جہاں پر انھوں نے فریمنگ، تصویر سازی،اردو، انگریزی، عربی کمپوزنگ، ٹائیٹل ڈیزائنگ، کمپیوٹر، پرنٹر مرمت،ہارڈ ویئر سافٹ ویئر قصہ مختصر چونکہ دماغ تو ٹیکنیکل اور تخلیقی تھا ہی اس لیے جو کام بھی ملاکرتے رہے۔اسی دوران ایک دن انکی دکان پرممتاز آرٹسٹ راشد حسین قلم (آج کل اپنے استاد عزیز صاحب کی نسبت سے راشد عزیز کہلاتے ہیں)تشریف لائے ان کے کام کو دیکھ کر کہا کہ تمھار ے اندر تخلیقی صلاحیت تو موجود ہے لیکن اسی کام کو صحیح طرح کرنے کے لیے تمھیں کسی ماہر فن استاد کی شاگردی اختیارکرنا پڑے گی اگر سیکھنے کی خواہش ہوتو میرے پاس آجانا۔ان کی تحریک پر سید ضمیر الحسن شاہ نے ان کی شاگردی میں دوسال تک فن مصوری سیکھا۔ راشد حسین قلم نے اپنافن منتقل کرنے کے بعد انھیں الوحیدآرٹ(سائیں سہیلی روڈوالے) والے عبدالوحید کی شاگردی میں دے دیا اس کے بعد شاہ جی نے یکے بعد دیگرے آرٹسٹ سجادافتخاربیگ اور اقبال شاہ مرحوم جیسے ماہرین فن کی شاگردی کا شرف حاصل کیا جب ان سب اساتذہ اپنے شاگرد رشید کو اپنے علوم وفنون منتقل کردیے تو2011ء میں وہ سب انھیں اپنے ہمراہ پاکستان کے نامور خطاط محمد الٰہی بخش مطیع صاحب آف شاہ محمد کے پاس لے گئے الٰہی بخش مطیع صاحب نے آپ کے سامنے خط نستعلیق، خط ثلث، دیوان نسخ،کوفی اور سنبلی رکھے کہ ان میں سے کون سے خط سے خطاطی کی ابتداکروگے؟تو سید ضمیر الحسن شاہ نے نسبتاًمشکل اور خطاطی کے آخری درجے میں سیکھے جانے والے خط ثلث سے ابتداکرنے کی خواہش کا اظہا ر کیا۔اور اس کے بعد مسلسل دس سال سے اپنے استاد کی زیر نگرانی خط ثلث میں کام کرکے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کے ذریعے اپنے استاد، اپنے شہر اور ڈیپارٹمنٹ کا نام روشن کررہے ہیں۔

سروس کیریئر

سید ضمیر الحسن شاہ بتاتے ہیں کہ ایک دفعہ ان کے پاس ایک شخص آیا او ر اس نے کہا کہ آپ نے ڈی ایم کا کورس بھی کیا ہوا اور کام کے بھی ماہر تو آپ محکمہ تعلیم میں بطور ڈ ی ایم بھرتی کیوں نہیں ہوجاتے تومیں نے کہا کہ میرے پاس توکوئی سفارش نہیں،سرکاری نوکری توسفارش کے بغیر نہیں مل سکتی۔اس کی تحریک پر میں نے 2007ء میں ڈی ایم پوسٹ کے لیے ٹیسٹ دیا جس میں 60امیدواروں میں سے میں اور ایک امیدوار کامیاب ہوا۔پہلی تعیناتی گورنمنٹ ہائی سکول بیٹ گلی میں ہوئی جہاں دوسال تک تعینات رہا اس کے بعدعلاقہ خان پور کے دوافتادہ علاقے مڈل سکول ڈھوک گکھڑاں میں تبادلہ ہوگیا جہاں دس تک تدریسی فرائض سرانجام دیے اس کے دوسال مڈل سکول بانڈی سیڑاں میں کام کرنے کا موقع ملا جبکہ گزشتہ دوسال سے گورنمنٹ ہائی سکول شادی حطارمیں تدریسی فرائض سرانجام دے رہا ہوں۔

سید ضمیر الحسن شاہ کے نمایاں اعزازات

۱۔ ایران کے پشاور میں ثقافتی مرکز کے زیر نگرانی ہری پور چیمبر آف کامرس ہال میں اسلامی خطاطی کی نمائش میں شرکت کا سرٹیفکیٹ مورخہ 18-12-2015۔

۲۔فیصل آباد آرٹ کونسل فیصل آباد میں قرآنی خطاطی کے امتحان میں 4 ایکسی لینس اینڈ بیسٹ ایوارڈ 2016۔09-12-2016

۳۔(N.C.A)، (G.E.T) اور (L.A.C) کی زیر نگرانی الحمرا آرٹ گیلریز لاہور میں چوتھی قومی خطاطی نمائش 2017 میں شرکت کا 5 سرٹیفکیٹ۔

۴۔ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ہال میں 20 سے 23-10-2017 کو ہونے والی دوسری اسلامی خطاطی کی نمائش میں بطور خطاط اور آرگنائزر شرکت کا سرٹیفکیٹ۔

۶۔فیصل آباد آرٹ کونسل فیصل آباد میں قرآنی خطاطی کے امتحان میں 7 سرٹیفکیٹ اور ایکسی لینس بیسٹ ایوارڈ (شیلڈ) 15-12-2017

۷۔KPKپلیٹ فارم کی جانب سے 26 ستمبر 2017 کو نشتر ہال پشاور میں اسلامی خطاط ریجنل ایگزیبشن ”آکرہ سے پشاور براستہ تخت بھائی” کے لیے نامزد اور منتخب کردہ آرٹ ورک۔

ٌٌَ ٌٌٌ ٌٌٌٌ ٌٌٌ۸۔K.P.K پلیٹ فارم سے آرٹ ورک بطور اسلامی خطاط کے 9 ویں قومی نمائش کے لیے نامزد گی جوکہ 19 دسمبر 2017 پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس F-5/1، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

۹۔آپ کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (F) ہری پور کی جانب سے ”پوسٹر میکنگ” بطور جج آرگنائزنگ کمیٹی صوبائی ہائی اینڈ ہائر سیکنڈری گرلز سکولز ٹورنامنٹ 2017 کے لیے نامزد کیا گیا جو 06-12-2017کو منعقد ہوا۔

۰۱۔ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ تحصیل گوجرہ میں مصور ویلفیئر انٹرنیشنل کی طرف سے 3 اپریل 2018 کوہنڈی کرافٹ اور اسلامی خطاطی میں ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔

۱۱۔فیصل آباد آرٹ کونسل فیصل آباد میں 16-11-2018 کومنعقدہ قرآنی خطاطی کے امتحان میں سرٹیفکیٹ اور ایکسی لینس بیسٹ ایوارڈ (شیلڈ) 2018۔

۲۱۔گیلری، لاہور آرٹس کونسل، محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کے زیر اہتمام 25 اکتوبر سے 2 نومبر 2018 تک الحمرا کی خطاطی نمائش بعنوان ”محمدﷺمیں شرکت کا سرٹیفکیٹ۔

۳۱۔کیلیگرافرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر اسلامی خطاط کی حیثیت سے شرکت کا سرٹیفیکیٹ ”لوح و قلم قوم خطاطی نمائش” جون 2019 لاہور پاکستان۔

۴۱۔لاہور آرٹس کونسل، محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کے زیر اہتمام 14 اکتوبر 2021 کو الحمرا کی خطاطی نمائش بعنوان ”اسم محمدﷺمیں شرکت اور 25000/- کا پہلا انعام اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔

خطاطی، مصوری، ہری پور، فنکار، اسلامی خطاطی، سرفراز ترین، فنون لطیفہ، تعلیم، کامیاب شخصیات، پاکستانی فنکار، ضمیر الحسن شاہ، ہری پور کی شخصیات

All reactions:

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *